پشاور( نیٹ نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ محمد فاروق حیدر نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر اس وقت اوپن ائیر جیل بنا ہوا ہے ، مودی ہٹلرکے نظریے پر چل رہا ہے ۔ کشمیر کے معاملے پر ہندوستان چاہتا ہے پاکستان سرنڈر کر دے مگر ایسا ہونا ناممکن ہے ۔پشاور آمد کے موقع پر راجہ فاروق حیدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا 5 اگست کے بعد اٹھائے گئے اقدامات غیر آئینی ہیں، 12 قراردادیں ایسی ہیں جن میں کہا گیا کہ رائے شماری سے یہ مسئلہ حل کیا جائے گا مگر ہندوستان کا موقف یکسر تبدیل ہوا ہے ۔انہوں نے کہا الیکشن ہوتے تھے لیکن کشمیر میں کبھی فیئر الیکشن نہیں ہوا۔ پاکستان کے ساتھ بھی دو طرفہ معاہدہ کی خلاف ورزی ہے ، کشمیر ویلی اس وقت اوپن ائیر جیل بن چکی ہے ۔ بھارت کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنا چاہتا ہے ۔ پاکستان کو کشمیر کے مسئلے پر مزید اقدامات کی ضرورت ہے ، کشمیری اس وقت ڈو اور ڈائی کی پوزیشن میں ہیں۔ان کا کہنا تھا ہندوستان چاہتا ہے پاکستان سرنڈر کر دے جو ناممکن ہے ۔