اسلام آباد،سرینگر (مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کانیوکلیئرہتھیاروں سے متعلق بیان انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے ۔گزشتہ روز مودی کے نیوکلیئرہتھیاروں کے استعمال سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کابیان افسوسناک،انتہائی غیر ذمہ دارانہ قراردیدیا ہے ۔ بھارتی وزیراعظم کا27فروری کی رات کوقتل کی رات کہنابھارتی جنگی جنون کا مظہرہے ۔جوہری ہتھیاروں سے متعلق ایسے بیانات انتہائی غیرذمہ دارانہ ہیں۔بھارت کاایسارویہ ذمہ دارجوہری ملک کے منافی ہے ۔خطے کے استحکام کیلئے بات چیت کے ذریعے مسائل کاحل ضروری ہے ۔سیاسی مقصدکیلئے ایسے بیانات سے جنوبی ایشیامیں عدم استحکام آئیگا۔علاوہ ازیں سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے بھی سوشل میڈیا پر اپنا درعمل دیتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو بھرپور جواب دیا کہ گر بھارت نے ایٹمی ہتھیار دیوالی کیلئے نہیں رکھے ہوئے تو یہ بات بھی ظاہر ہے کہ پاکستان نے بھی ایٹمی ہتھیار عید کیلئے نہیں رکھے ہوئے ۔ پتہ نہیں وزیراعظم مودی اتنے نیچے کیوں آگئے ، انہیں سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنا چاہئے ۔