اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا اور ان کے ہم نوا جبری تسلط کی منفی سوچ ترک کریں اور جمہوری رویہ اپنائیں۔ منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا مولانا اور ان کے ہم نوا منفی سوچ ترک کریں اور جمہوری رویہ اپنائیں، ان کو رنج ہے کہ ملک میں چند خاندانوں کی بجائے پہلی بار حقیقی عوامی راج کیوں قائم ہوا۔ انہوں نے کہا ان کی پریشانی یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان معیشت درست سمت ڈال کر عوام کا روزگار اور کاروبار چلانا چاہتے ہیں، مولانا مظلوم کارکنوں کو اپنی پارلیمان میں جانے کی خواہش کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انہیں بے رحم سرد موسم کے حوالے کرنے کی بجائے باعزت گھر واپسی کی آزادی‘‘دیں۔ اسلام آباد (اظہر جتوئی) آزادی مارچ کے حوالے سے پلان بی کے اعلان پر معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق عوان نے کہا ہے کہ قانون کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ رات گئے روزنامہ 92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا قانون کی بالا دستی قائم رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مٹھی بھر افراد کو ملک کو یر غمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔