لاہور، اسلام آباد،کراچی،کوئٹہ،بوستان،حافظ آباد (اپنے رپورٹر سے ،صباح نیوز،سٹاف رپورٹر، نامہ نگاران،این این آئی،ڈسٹرکٹ رپورٹر) محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے سلسلہ کی بارشوں کا دوسرا سپیل اتوار کی رات پاکستان میں داخل ہو گا اور بدھ تک جاری رہے گا۔ پنجاب میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم،گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ،حافظ آباد،لاہور،شیخوپورہ، قصور،اوکاڑہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، اور خوشاب تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ بھکر، لیہ، ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، خانیوال، ساہیوال، بہاولنگر، بہاولپوراور رحیم یار خان میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا یہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا۔ موسلادھار بارشوں سے راولپنڈی، سیالکوٹ،نارووال اور ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں میں برساتی نالوں میں اچانک سیلاب کی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے ۔ دریاؤں میں پانی کی مقدار میں اضافہ نزدیکی آبادیوں کی لیے خطرناک ہو سکتا ہے ۔ لاہور میں گزشتہ روز موسم گرم اور مرطوب رہا۔ادھر کراچی میں بارش کے دوران ڈالمیاکالونی ،قائم بخاری کالونی میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے ،جوہی،دادو کھیر تھر کے پہاڑی سلسلے اور کاچھو میں جاری بارشوں کے باعث گاج ندی اور دیگر ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی۔دریں اثنامحکمہ پی ڈی ایم اے کی جار ی کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں جاری بارشوں کے باعث اب تک دو خواتین اور ایک بچے سمیت 15افراد جاں بحق ہوئے ، پشین میں پانچ، کیچ میں تین ،چاغی، کوہلو ،واشک میں اب تک دو، دو ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں ، زخمی ہونے والوں کی تعداد 10ہے ، صوبے میں اب تک 18مکانات تباہ ، دو مویشی ہلاک ہوئے ۔بوستان کے علاقے کلی ریگی میں طوفانی ہوائوں اور بارش سے مکان کی چھت اور دیوار گرنے سے محمد دائود ،2بیٹے 9 سالہ حیات اللہ ،7 سالہ عطااللہ عمر،بیٹیاں 5 سالہ بی بی شافیہ اور 4 سالہ بی بی حکیمہ نیچے دب کر جاں بحق ہوگئے ۔ دریں اثنا حافظ آباد کے محلہ رشید پورہ میں شاہد عباس کے گھر عاصمہ دختر نذر محمد مہمان آئی ہوئی تھی کہ اچانک شاہد عباس کے مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجہ میں 24سالہ عاصمہ ملبہ تلے دب کر جاں بحق جبکہ آسیہ اور 6سالہ ابوبکر شدید زخمی ہوگئے ۔