برنالہ،بھمبر ،دینہ ،گوجر خان ،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر،نمائندگان 92نیوز )نائب صدرمسلم لیگ ن مریم نوازنے کہاہے کہ اگر جولائی میں دھند نہ چھائی تو آزاد کشمیر میں الیکشن ن لیگ جیتے گی، اگرالیکشن چوری کرنے کی کوشش کی تو عمران خان کابہت بڑا نقصان ہوگا،مہنگائی کی وجہ عمران خان کی نالائقی،نااہلی اور کرپشن ہے ، مسلم لیگ ن الیکشن چوری نہیں کرنے دیگی ، نوازشریف کوسازش کے ذریعے اقتدار سے ہٹایا گیا۔آزادکشمیرکے علاقے برنالہ،بھمبر اور کھڑی شریف میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ پچھلے الیکشن میں دو سیٹیں جیتنے والو،اگرتم نے الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی تو کشمیری عوام تمہیں چھوڑیں گے نہیں، گزشتہ روز کہا گیامریم نوازفوج پرتنقیدکرتی ہے ،مریم نوازافواج پاکستان سے پیارکرتی ہے ، آج ان پرتنقیدہوتی ہے توکیوں ہوتی ہے ؟ جب بجلی مہنگی ہوتی ہے تولوگ آپ کانام لیتے ہیں،عمران چینی مہنگی کرتاہے تولوگ سلیکٹرزکوکوستے ہیں، ہمارے ساتھ چندافرادنے جوظلم ،زیادتی کی میں نے وہ معاملہ اللہ کی ذات پرچھوڑدیا، یوٹیلٹی سٹورزپرچینی،گھی،آٹا مہنگاکردیاگیا، اشیا کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ عمران کی وجہ سے ہے ،کشمیرکے مستقبل کا فیصلہ ایسے آدمی کے ہاتھ میں نہیں دیا جا سکتا جس کی اپنی پہچان کوئی نہ ہو،کشمیرکی قسمت کافیصلہ ایسے شخص کے ہاتھ میں نہیں دیاجاسکتاجس نے کل کشمیرکی سڑکوں پرکھلے عام گولیاں برسائی ہیں،آج جن چیزوں سے آپ کااستقبال ہورہاہے اس کے ذمہ دارعمران خان تم خودہو۔ پٹرول،ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے عمران خان کوکوئی فرق نہیں پڑتاکیونکہ وہ سائیکل پرآفس جاتاہے ،فرق آپ جیسے غیورلوگوں کوپڑتاہے جن کے پاس کوئی اے ٹی ایم نہیں ہوتی ،عوام کے ووٹ کی خاطر اور ترقی کی خاطر قیدی بننا پڑا تو بار بار بنتے رہیں گے ،اگردوسیٹوں والاسلیکٹڈآزادکشمیرمیں آیاتواسے کہنااپنی تین سال کی شاندارکارکردگی کی رپورٹ بھی لے کرآئو،یہ حکومت اتنی نااہل اورنالائق ہے کہ مہنگائی اوربیروزگاری میں خودہی روزاپنے ریکارڈتوڑتی ہے ۔ دینہ میں مریم نواز کی آمد پر والہانہ استقبال کیا گیا ، کارکنوں کی بڑی تعداد نے پھول نچھاور کئے ۔ گوجرخان جی ٹی روڈ چوک میں قافلہ روکنے کی کوشش مقامی ایس ایچ او نے ناکام بنادی۔کراچی میں سابق صدر ممنون حسین کی رسم سوئم کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا ہے کہ کشمیر میں وزرا جو زبان بول رہے ، وہ سیاست کی زبان نہیں ، قوم کے ساتھ مذاق اور دھوکہ کیا جارہا ہے ۔