مکرمی! کورونا ،بجٹ اور مہنگائی ان سب نے غریب تو غریب امیرطبقہ کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے کہ اب سانس کا رشتہ بحال رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔ آج غربت وافلاس اور بیروزگاری کا عفریت ہے جو انسانوں کو نگل رہا ہے لوگ خودکشیاں کرنے پرمجبور ہیں بوڑھے پنشنرز سے لیکر تنخواہ دار طبقہ یا کاروباری افراد سب کا برا حال ہے سب اس مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں کورونا ،بجٹ اور مہنگائی نے جینا محال کردیا ہے چلیں کورونا تو خدائی آفت ہے جس پر قابو پانا ہمارے بس میں نہیں لیکن مہنگائی پر حکمران قابو پا سکتے ہیں بجٹ میں تبدیلی لا سکتے ہیں پنشن اور تنخواہوں میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کو ریاست مدینہ تو نہ بنا سکے مگر بجٹ کو تبدیل کرکے بوڑھے ،بچوں اور جوانوں کی دعائیں لے سکتے ہیں۔ مہنگائی کو ختم کر سکتے ہیں اگر پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو واپس لیا جائے تو اس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا ورنہ روز قیامت آپ اپنے ہر عمل کیلئے جواب دہ ہونگے۔ (طاہرہ جبین تاراؔ)