لاہور(کلچرل رپورٹر) معروف اداکار حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ایک ٹویٹ سے کسی کے بھی مذہبی نظریات کو نہیں بدل سکتے ۔ پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے کسی بھی شخص کے مذہبی نظریات کو تبدیل نہیں کرسکتا۔‘حمزہ علی عباسی نے لکھا کہ ’میں صرف ایک ہی درخواست کر سکتا ہوں اور وہ یہ ہے کہ اِس مشکل وقت میں اُس اعلیٰ طاقت کے بارے میں شعور رکھیں جو ہر شے پر قادر ہے اور ہمیں مرنے کے بعد اُس کو جواب بھی دینا ہے ۔‘اداکار نے لکھا کہ ’اِس لیے زیادہ اچھا ہوگا کہ ہم اِس مشکل وقت میں نیکیاں اور صدقہ و خیرات کریں۔‘اُنہوں نے لکھا کہ’بے شک ہر روح نے موت کا مزہ چکھنا ہے ۔‘حمزہ علی عباسی کے اِس ٹوئٹ پر مدیحہ نامی ایک ٹوئٹر صارف نے اُن سے پوچھا کہ ’آپ قرنطینہ میں اپنا وقت کیسے گُزار رہے ہیں؟‘ٹوئٹر صارف کے اِس سوال کا جواب دیتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے لکھا کہ ’گھر میں فیملی کے ساتھ، دُعا کرکے اور صدقہ و خیرات کرکے قرنطینہ میں اپنا وقت گُزار رہا ہوں۔‘