کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کبھی میں ملیر کی عدالت میں ہوتا ہوں تو کبھی کسی اور عدالت میں،میرا قصور بتایا جائے ،کیا میں سچ بولنا بند کردوں،میں سندھ کی جنگ لڑ رہا ہوں، میں ان دہشت گردوں کے خلاف ہوں جو حکومت میں ہیں جو سکولوں میں کتابیں اورہاسپتال میں ویکسین نہیں دیتے ۔گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت میں اپنے خلاف مقدمے کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہاں لوگوں کی باریاں لگی ہوئی ہیں، اس بار مرتضیٰ وہاب کو باری دی گئی ہے ،یہ ایک سن کوٹے پر آنے والا شخص ہے ، بلاول بھٹو کی طرح انہیں بھی سب کچھ وراثت میں ملا ہے ۔قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور دیگر کے خلاف مقدمات کی سماعت 30 اگست تک کے لیے ملتوی کردی۔