اسلام آباد(وقائع نگار،خصوصی نیوز رپورٹر،سپیشل رپورٹر) ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ تاجروں سے معاہدے میں شناختی کارڈ کی شرط ختم نہیں کی گئی، معاہدے کے مطابق جنوری 2020ء سے غلط شناختی کارڈ پر ایف بی آر کارروائی کر سکے گا۔ سینٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین سینیٹر فاروق نائیک کی زیر صدارت ہوا۔ایجنڈے میں قرۃ العین مری کے میٹرنٹی اینڈ پیٹرنٹی لیو بل ، سرکاری ملازمین کے فائلر بننے کیلئے آسان اور قابل سمجھ طریقہ کارسے متعلق عوامی عرضداشت، سٹیٹ بینک سے بریفنگ کے علاوہ تاجروں اور کاروباری کمیونٹی سے شنا ختی کارڈ کی شرط کے معاملات شامل تھے ۔ اجلاس میں 50ہزار سے زائد خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ ایف بی آر حکام نے بتایا کہ چھوٹے دکانداروں کی رجسٹریشن کیلئے انجمن تاجران کو شامل کر رہے ہیں، 3ہزار مارکیٹ کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن ہو جائے گا۔طلحہ محمود نے کہا کہ50ہزار کی حد بہت کم ہے ،کم از کم 5لاکھ خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط رکھی جائے ۔قائمہ کمیٹی نے قرۃ العین مری کے میٹرنٹی اینڈ پیٹرنٹی لیو بل کی متفقہ طور پر منظوری دیدی۔ وزارت قانون حکام نے بل کی حمایت کی ۔ سرکاری ملازمین کے فائلر بننے کیلئے موبائل ایپ شروع کر دی گئی جس میں اردو اور انگلش زبان کے ذریعے فارم پُر کر کے فائلر بن سکتے ہیں ،ابھی صرف تنخواہ دار طبقے کیلئے ہے ،اگلے سال کاروباری حضرات کیلئے بھی بن جائے گی۔ادھرسینٹ قائمہ کمیٹی تجارت کے اجلاس میں چیئرمین سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ تجارتی مقاصد کیلئے بینکنگ کے عمل کو مزید سہل بنایا جائے ۔ اراکین کمیٹی نے برآمدات کا حجم بڑھانے کیلئے موثر حکمت عملی پر زور دیا۔سینٹ قائمہ کمیٹی ریلوے کا اجلاس چیئرمین اسد علی جونیجو کی صدارت میں ہوا، رکن کمیٹی سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ ریلوے کا کارگو جتنا زیادہ ہو گا اتنا سڑکیں بنانے کے خرچے کم ہوں گے ، ریلوے سٹیشنوں پر اشتہارات کی برینڈنگ کی جائے ،سیکرٹری ریلوے نے بتایا کہ ریلوے سے جو آمدن ہوتی ہے اس سے تنخواہیں اور پیشن نہیں دے سکتے ،اجلاس میں بتایا گیا کہ سانحہ تیز گام میں ابھی بھی میر پور خاص کے 8 افردکی لاشیں نہیں ملیں۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ دوبارہ تلاش کرنی ہو گی ، پولیس سے تحقیقات کرائی جائے ۔سینٹ قائمہ کمیٹی داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا۔جس میں پاکستان پینل کوڈ ایکٹ ایکس ایل وی 1860 کے سیکشن 3 میں ترمیم پر غور کیا جائے گا ۔