کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی سرمایہ کاروں کے محتاط طرز عمل کے باعث اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا لیکن مجموعی طور پر مندی غالب آگئی اورکے ایس ای 100انڈیکس مزید182.44پوائنٹس کی کمی سے 40290.74پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جب کہ 52.50فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں22ارب94کروڑ31لاکھ روپے کی کمی ہوئی ۔دریں اثناء صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت ایک ہزارروپے کم ہوکر 1لاکھ 19ہزار روپے ہو گئی اسی طرح 858روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ2ہزار23روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدرمیں10پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید168روپے اور قیمت فروخت168.20روپے ہو گئی ۔اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید168روپے مستحکم رہی اور قیمت فروخت168.40روپے ہو گئی۔فاریکس رپور ٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید1.50روپے کے اضافے سے بڑھ کر197.30روپے اور قیمت فروخت بڑھ کر199.30روپے ہوگئی۔