اسلام آباد ، لاہور ، کراچی ، پشاور کوئٹہ ، مظفر آباد( نیوزایجنسیاں،سٹاف رپورٹر)ملک بھر میں جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا ،مختلف شہروں میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریبا ت اور ریلیوں کا نعقاد کیا گیا،انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں ۔ ملک بھر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، کراچی، مظفرآباد سمیت مختلف شہروں میں سیمینارز اور جلسے جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان ،ہمارا ایک ہی عزم آزادی ،پاکستان کا مطلب کیا اور دیگر نعرے لگائے ۔اسلام آباد کے ڈی چوک میں ریلی نکالی گئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر شہزاد وسیم اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ شاہراہ دستورسے سپریم کورٹ تک قومی لباس اور کیڈٹس کی وردیاں پہنے پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں اور بچیوں نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نقارے کی گونج پر پریڈکرکے نئی روایت قائم کر دی۔اس موقع پر بلڈ بنک کا افتتاح کیا گیا جس میں لوگوں نے خون کے عطیات دیئے ۔لاہور عجائب گھر میں کشمیری ہنرمندوں کے فن پاروں کی نمائش ہوئی جس کاوزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترو نے کیا۔نمائش میں کشمیری شال، قرآن پاک کے خوب صورت قلمی نسخے اورظروف رکھے گئے ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل، علامہ اقبال، باچا خان سمیت تمام ایئرپورٹس پر کشمیر ڈے کے بینرز، کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے لہرائے ۔مظفرآباد میں یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب کوہالہ پل پر ہوئی جس میں طلبہ و طالبات، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیر کی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، اس موقع پر چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزراء بھی موجود تھے ۔ کراچی میں پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیراہتمام برہان وانی شہید چوک سے بڑی عوامی ریلی نکالی اور مارچ کیاگیا۔شرکاء نے کشمیر کی آزادی کیلئے نعرے لگائے اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ بھارتی فوجی دہشتگردی کیخلاف نوجوان کفن پہن کر مارچ میں شریک ہوئے ۔پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بحیرہ عرب میں بحری جہاز پرخصوصی تقریب کا انعقاد کیا ، بحری جہاز دشت نے کھلے سمندر میں 20 کلومیٹر کا سفر طے کیا۔ پشاور کے باچاخان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سری نگر کے نام سے منسوب گھڑی آویزاں کی گئی جبکہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے گورنر ہائوس تک کشمیر یکجہتی واک ہوئی جس کی قیادت گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلی محمود خان نے کی۔ محکمہ سیاحت خیبرپختونخواکے زیرانتظام صوابی میں دریائے سندھ کے مقام پر 4x4 انڈس ریور واٹر کراس جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیاجس میں 60 سے زائد ڈرائیورز نے شرکت کی۔خواتین کی کیٹیگری میں گل شین نے تین منٹ تین سیکنڈ کے ساتھ پہلی، مردوں کے مقابلے میں کیٹیگری اے میں سہیل خان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔کوئٹہ میں یوم کشمیر کی مرکزی تقریب بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار پر ہو ئی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وزرا، مشیر اور دیگر حکومتی شخصیات شریک ہوئیں۔