ملتان(خبر نگار)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 31 دسمبر سے پہلے جھاڑو پھر جائیگا اور 20 فروری سے پہلے صورتحال نارمل ہو جائیگی جبکہ مارچ کے سینٹ الیکشن میں عمران خان کی پارٹی سب سے زیادہ نشستیں لے گی۔ سیاست گرمی کی طرف جا رہی ہے ، 2دن میں پتہ لگ جائے گا کہ اپوزیشن کتنے لوگوں کو اکٹھا کر سکتی ہے ۔ مریم نواز باہر جا رہی ہوتی تو اس تحریک کی ضرورت ہی نہ پڑتی۔ میرا دل کہہ رہا ہے کہ بلاول بھٹو سمجھ داری سے کام لیں گے ، لندن بیٹھ کر جو بیانات دئیے جا رہے ہیں وہ پاکستان میں عدم استحکام کا ایجنڈہ ہے ،اپوزیشن کچھ کرلے یہ حکومت کہیں نہیں جا رہی۔ گزشتہ روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشیدنے کہاکہ عمران خان کے مینار پاکستان والے جلسے سے بہت کم لوگ اپوزیشن کے جلسے میں ہوں گے ، مجمع سارا فضل الرحمان کا ہوگا، مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ وہ عمران خان کے خلاف ہیں اور نواز شریف کہتے ہیں کہ وہ عمران خان کو لانے والوں کیخلاف ہیں،یہ لکھ لیں کہ ن لیگ کی پاکستان سے سیاست ختم ہو گئی ، یہ لوگ فوج، عدالت اور نیب کے خلاف ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اسی سال مہنگائی پر قابو پا لیں گے ۔ایم ایل ون منصوبے کا ٹینڈر پندرہ دن میں ہو رہا ہے ، 90 فیصد نوکریاں پاکستانیوں کو ملیں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران ایک ہی شاٹ میں تمام پنشن ادا کردوں گا ۔