لاہور، نارووال ،شکرگڑھ(خصوصی نمائندہ،نمائندہ 92نیوز ،تحصیل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان سکھ قوم سے کیا ہوا کرتارپور راہداری کا وعدہ باباگورونانک کے 550ویں جنم دن پرپورا کر یں گے ، میں کوئی نجومی نہیں ہوں میں کیسے بتا سکتا ہوں اب کون جیل جانے والا ہے یہ کام نیب کا ہے ، ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم کریمنل کیسیز کو سیاسی بنا دیتے ہیں،رانا ثناء اﷲ پر درج مقدمہ اداروں کا کام ہے ، ملک میں بے گناہی ثابت کرنے کیلئے عدالتیں موجود ہیں ،کرتارپور راہداری کا منصوبہ 30ستمبر تک مکمل ہوجائے گا ،ان خیالات کا اظہار فوکل پرسن پاک بھارت کرتارپور راہداری منصوبہ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کرتارپور دورہ کے دوران کیا،انہوں نے گردوارہ کرتار پور کے لئے تین ایکڑ اراضی کو بڑھا کر 42ایکڑ جبکہ بابا گورو نانک کی کاشت کردہ 62 ایکڑ اراضی پر کسی قسم کی تعمیر نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر کرتار پور راہداری منصوبہ 408 ایکڑ پر مشتمل ہوگا۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ میں نہیں جانتاکہ نوازشریف ، آصف علی زرداری ، حمزہ شہباز کے جیلوں میں کیا احوال ہیں لیکن میں یہ کہتا ہوں کہ جو سہولیات قانون میں موجود ہیں وہ ان کو ملنی چاہیئں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں راہداری منصوبے کی افتتاحی تقریب میں مودی بھی آئیں کیونکہ 3کروڑ سکھ یاتری انڈین شہری ہیں۔اس کے باوجود آنے کا فیصلہ انڈیا کے وزیراعظم نے کرنا ہے اور انڈیا والے بھی اس اہم منصوبے کو متنازعہ نہیں بنائیں گے ۔