اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے صوبائی حکومتوں اورتمام متعلقہ حکام کوقیمتوں میں اضافہ کے تدارک کیلئے فوری طورپرفعال اورموثراقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے ،انہوں نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو ہول سیل اورریٹیل کی سطح پر منافع کی شرح میں کمی لانے اوراشیائضروریہ کومعقول نرخوں پرعام آدمی تک فراہم کرنے کے عمل کی مکمل قریبی نگرانی کی ہدایت بھی کی ہے ۔ انہوں نے یہ بات نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کے صدارت کرتے ہوئے کہی جوپیرکویہاں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرصنعت وپیداورحماداظہر، وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹروقارمسعود، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری نیشنل فو ڈ سکیورٹی، سیکرٹری صنعت وپیداوار، سیکرٹری تجارت، چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان،چیئرپرسن مسابقتی کمیشن اور منیجنگ ڈائر یکٹریوٹیلیٹی سٹورزنے بالمشافہ جبکہ صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیولنک کے ذریعہ شرکت کی۔ اجلاس میں آٹا، گندم، چینی، ٹماٹر، پیاز،بناسپتی گھی، آلو، چکن اوردیگرضروری اشیا کی قیمتوں کاہفتہ وار بنیادپرجائزہ لیاگیا، سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کے شرکا کوقیمتوں کے رحجان کے حوالہ سے بریفنگ دی ۔ وزیراعظم کے مشیرعبدالحفیظ شیخ نے صوبائی چیف سیکرٹریز سے ان کے متعلقہ صوبوں میں چینی اورگندم کے سٹاک بارے گفتگو کی، چیف سیکرٹری سندھ نے اجلاس کے شرکا کوبتایا کہ صوبہ میں آٹا اورچینی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ آنیوالے ہفتوں میں قیمتوں میں استحکام آئیگا، حکومت پنجاب پالیسی کے مطابق گندم ریلیز کررہی ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں استحکام آیا ۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوانے بتایا کہ صوبائی حکومت روزانہ 5 ہزارٹن گندم ریلیز کررہی ہے ۔پنجاب اورسندھ کی حکومت نے گنے کے کرشنگ سیزن کے بارے میں اجلاس کوآگاہ کیا۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ایم ڈی نے کمیٹی کوبتایا کہ ملک بھرمیں یوٹیلیٹی سٹوروں پرچینی اورآٹاکا معقول سٹاک موجود ہے اورشہریوں کورعایتی نرخوں پریہ اشیافراہم کی جارہی ہیں۔