اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ افغانستان کو تباہی سے بچانے کے لیے انسانی امداد پہنچانا ناگزیر ہے ، اسے انسانی بحران سے بچانے کیلئے فوری عالمی تعاون کی ضرورت ہے ۔ افغانستان کی انسانی امداد کے لیے ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں متعین بیلار و س کے سفیر آندرے میٹیلیسا سے ملاقات میں کیا جنہوں نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کے امور پر گفتگو کی اور افغان صورتحال، انسانی ہمدردی کے اقدامات میں تعاون، شراکت داری پر بھی غور آئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستان عالمی، علاقائی امور میں بیلار و س کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے ،انہوں نے کہاکہ بیلار و س کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں وسعت کے خواہاں ہیں، انہوں نے کہاکہ افغانستان کو تباہی سے بچانے کے لیے انسانی امداد پہنچانا ناگزیر ہے ، معزز مہمان نے افغان صورتحال اور خطے میں استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔