لندن،اسلام آباد ،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز،خبر نگار خصوصی)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے نوازشریف کا علاج جاری ہے اور وہ صحت یابی کے بعد جلد وطن واپس آئیں گے ۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نوازشریف کاگزشتہ روز بھی ڈاکٹرز نے معائنہ کیا، قوم دعا کرے اللہ تعالیٰ انہیں مکمل صحتیابی عطا کریں اور وہ خیریت سے وطن واپس آئیں۔عمران خان نے رانا ثناء اللہ سے متعلق انتہائی تضحیک آمیز باتیں کیں، وہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور قابل احترام شخص ہیں، عمران خان کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ، ایسی گفتگو سے گریز کرنا چاہئے ، رانا ثناء اللہ یو ٹرن پر یقین نہیں رکھتے ، وہ عمران خان کی طرح غلط بیانی بھی نہیں کرتے ، عمران خان نے ان کے بارے میں جو الفاظ استعمال کیے میں نہیں چاہتا کوئی عمران خان صاحب کو بھی ایسے الفاظ سے پکارے ۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے والدکو اگلے ہفتے ہسپتال میں داخل کرا دیا جائے گا،انجیو گرام کے ذریعے دل کی بند شریانوں کا جائزہ لیا جائیگا۔نجی ٹی وی کو انٹرویو میں مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا 16 ماہ کے اندر جو تمغہ اور ایوارڈ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل سے ملا اس کا مطلب یہ ہے کہ سب سے بڑے چور اور ڈاکو یہ خود اور دوسروں پر الزامات لگاتے ہیں، مس گورننس کی وجہ سے ملک میں آٹے اور چینی کا بحران آیا ۔ رانا مشہود خاں نے کہاچینی بحران کے ذمہ داروں جہانگیر ترین اور خسرو بختیارکو ہی کمیٹی میں شامل کر دیا گیا،عمران خان کی ضروتیں پوری کرنیوالوں کے لیے پاکستان کو گروی رکھ دیا گیا،یہ جائیں گے تو ہم ہی آئیں گے ،عمران خان کے جانے کا وقت آ گیا ۔