اسلام آباد،لاہور (این این آئی) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے مرکزی ملزم میاں طارق کی گرفتاری پر کہا ہے کہ اچھا ہوا ،مگر کیا اس ویڈیو کو جج کو دکھا کر بلیک میل کرنے اور نواز شریف کو بیگناہ ہوتے ہوئے بھی زبردستی سزا دلوانے والوں کو بھی پکڑا جائے گا؟گزشتہ روز ملزم میاں طارق کی گرفتاری پر رد عمل میں مریم نواز نے سماجی رابطے پر ٹویٹ میں مزید کہا کہ کیا حسین نواز کی تصویر لیک کرنیوالوں کیخلاف بھی کارروائی ہو گی؟۔ذرائع کے مطابق مریم نواز آج اسلام آباد پہنچیں گی اور کل احتساب عدالت میں پیش ہونگی۔ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی دستاویزات جمع کرانے پر مریم نواز کو طلب کررکھا ہے ۔ نواز شریف نے مریم نواز کو ریلی کی شکل میں اسلام آباد جانے سے روک دیا ہے ۔مریم نواز کا لاہور سے اسلام آباد بذریعہ جی ٹی روڈ جانے کا پروگرام تھا۔ مریم نواز شریف کا اسلام آباد آمد پر کارکنان استقبال کرینگے ۔علاوہ ازیں مریم نواز اتوار کو فیصل آباد میں جلسہ سے خطاب کرینگی،وہ لاہور سے ریلی کی صورت میں فیصل آباد جائینگی۔ مریم نواز رانا ثناء اﷲ کے گھر بھی جائینگی۔