لاہور (نامہ نگارخصوصی،92 نیوزرپورٹ) سابق وزیراعظم نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹس لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئیں۔رپورٹس میں سابق وزیراعظم کے صحت مندہونے تک برطانیہ میں قیام کی سفارش کی گئی ہے ، نواز شریف کی چار مختلف میڈیکل رپورٹس امجد پرویز کے معاون وکیل سلمان سرور نے لاہور ہائیکورٹ کے ایچ آر سی ڈیپارٹمنٹ میں جمع کرائیں۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے پندرہ روز بعد نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ داخل کرانے کی ہدایت کی، عدالتی حکم پر نواز شریف کی دوسری میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی۔رپورٹس دل کے معالج سرجن ڈیوڈ لارنس نے مرتب کی ہیں جن میں زور دیا گیا کہ ان کی انجیو گرافی فوری طور پر کرائی جائے ،سابق وزیر اعظم کے پلیٹ لیٹس برقرار رکھنے کے لیے ماہرین کوشش کر رہے ہیں، نواز شریف کی سرجری ہونی ہے لیکن حالت بہتر ہونے تک سرجری ممکن نہیں۔92 نیوزرپورٹ کے مطابق نواز شریف کو دل کا عارضہ لاحق ہے ،ان کے دل سے دماغ کو جانے والی شریان سکڑ گئی ہے ، نوازشریف کے امراض قلب کی ادویات بوقت ضرورت جاری رہیں گی۔