لاہور(خبرنگارخصوصی)سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف اور شہبازشریف کی پالیسیوں کے باعث پنجاب سمیت پاکستان کے ہر شعبے میں تباہی و بربادی ہوئی، شہبازشریف نے ہمارے دور کے سرپلس صوبے کو خسارے میں جھونک دیا اور اب یہی لوگ اے پی سی کے نام پر لوگوں کو اپنے مفاد کیلئے ورغلا رہے ہیں لیکن حکومت 5سال پورے کرے گی اور انتشار کا ایجنڈا پھیلانے والوں کو ناکامی ہو گی۔پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ اپوزیشن انتشار کا راستہ ترک کر دے ، عوام ان کا منفی ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے کیونکہ وہ ان کی پچھلی ناقص کارکردگی سے بڑی اچھی طرح واقف ہیں، انہیں پتہ ہے کہ آج پاکستان کو معاشی طور پر جو دن دیکھنے پڑ رہے ہیں اس کی سب سے بڑی وجہ نوازشریف اور شہبازشریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ایم پی اے اور ایم این اے بھرپور طریقے سے عمران خان کا ساتھ دیں گے ، بجٹ صوبے کا ہو یا وفاق کا پاس ہوگا۔ دریں اثناء سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے جاپانی سفیر نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ اسمبلی چیمبرمیں ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سپیکر نے جاپانی سفیر کو حکومتی ترجیحات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہم مل کر ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔جاپانی سفیر نے اسمبلی لائبریری اور دیگر شعبہ جات دیکھے اور مہمان نوازی پر چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جاپان پاکستان کی بہتری کیلئے کوشاں رہا ہے اور ہم پاکستانی عوام کے جاپان کیلئے محبت اور خلوص کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ملاقات میں گلاسگو سے شبیر شاہ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور عنایت اﷲ لک بھی موجود تھے ۔