فیصل آباد(سپیشل رپورٹر)دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ساتویں کانووکیشن کے تیسرے سیشن میں فیکلٹی آف میڈیسن اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور فیکلٹی آف فارما سیوٹیکل سائنسز کے 601 گریجوایٹس میں تعلیمی اسناد اور میڈلز تقسیم کئے گئے ، 10 ہونہار گریجوایٹس نے گولڈ، 14 نے سلور اور10 نے برونز میڈلز حاصل کئے ۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے طلبہ و طالبات میں اسناد اور میڈلز تقسیم کئے ۔ گزشتہ روز دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ساتویں کانووکیشن کے تیسرے سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر تھے جنہوں نے طلبہ و طالبات میں اسناد اور میڈلز تقسیم کئے ، یونیورسٹی کے پیٹرن ان چیف میاں محمد حنیف، چیئرمین بورڈ آف گورنرز محمد حیدر امین، ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شوکت پرویز، پرو ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید، دیگر فیکلٹی ممبران ، گریجوایٹس اور ان کے والدین نے بھی کانووکیشن میں شرکت کی، اس موقع پر تقریب میں کورونا ایس او پیز کو مکمل طور پر ملحوظ خاطر رکھا گیا۔ صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر نے اپنے خطاب میں تمام کامیاب طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ والدین نے اپنے بچوں کی پرورش کی اور اساتذہ نے ان کی تعلیم و تربیت کے بعد انہیں اس قابل بنایا کہ آج یہ اپنے اپنے پروفیشن میں عملی زندگی کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے یہاں دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں آکر دلی طور پر خوشی محسوس ہوئی، یہاں کے اعلیٰ معیار تعلیم اور اس کے سٹیٹ آف دی آرٹ انفرا سٹرکچر، یہاں کی لیبارٹریز اور دیگر تعلیمی سہولیات کو دیکھ کر متاثر ہوا ہوں، اس کیلئے میں یونیورسٹی انتظامیہ کو خاص طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ حافظ عمار یاسر نے طلبہ و طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مسلمانوں پر فرض ہے کہ اپنے پیارے آقا نبی پاکؐ کے ختم نبوت کا تحفظ کریں کیونکہ یہ ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے ، مغربی میڈیا پر ختم نبوتؐ کے حوالے سے غلط پروپیگنڈا کیا جاتا ہے ، اس کے مقابلے کیلئے ضروری ہے کہ ہماری نوجوان نسل ہر ممکن سطح پر بالخصوص سوشل میڈیا پر ختم نبوتؐ کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے مثبت کردار ادا کرے ۔ میاں محمد حنیف ، محمد حیدر امین اور پروفیسر ڈاکٹر شوکت پرویز نے اپنے خطابات میں تمام گریجوایٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کی تعلیمی کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔محمد حیدر امین نے کہا اس وقت UI GreenMetric کی ورلڈ یونیورسٹیز رینکنگ میں دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کا شمار دنیا کی 500 بہترین یونیورسٹیوں میں ہو رہا ہے جبکہ پاکستان کی یونیورسٹیوں میں اس کی بارہویں پوزیشن اس کے اعلیٰ معیار تعلیم کا ثبوت ہے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے فیکلٹی آف میڈیسن اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور فیکلٹی آف فارما سیوٹیکل سائنسز کے 601 گریجوایٹس میں تعلیمی اسناد اور میڈلز تقسیم کئے جبکہ 10 ہونہار گریجوایٹس کو گولڈ، 14 کو سلور اور 10 کو برونز میڈلز سے نوازا گیا، اس موقع پر یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کیلئے گزشتہ دس سال سے خدمات سرانجام دینے والے فیکلٹی ممبران و سٹاف میں بھی میڈلز اور انعامات تقسیم کئے گئے ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے یونیورسٹی سے ملحقہ مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں ان کے بین الاقوامی سطح کے معیار کی تعریف بھی کی۔