فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) سابق ڈائریکٹر جنرل نور الامین مینگل کے دور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی 213 گاڑیوں کی خریداری اور استعمال شدہ پٹرول کے اخراجات کے فرانزک آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ گاڑیوں کی خریداری میں ڈیلرز سے کمیشن یا کوئی اورفائدہ لینے کی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہ گاڑیاں 2017ء اور 2018ء میں نور الامین مینگل کے دور میں خریدی گئیں۔ ان گاڑیوں میں 5لگژری گاڑیاں سپیشل فیلڈ آپریشنز اور خود ڈائریکٹر جنرل نے اپنے استعمال کے لئے خریدی تھیں، دیگر گاڑیاں ہیڈ کوارٹرز لاہور کے علاوہ پنجاب کے 4زونز نارتھ، ساؤتھ ون، ساؤتھ ٹو اور سنٹرل زون کے فیلڈ آفیسرز کے زیراستعمال ہیں۔ 2017ء اور 2018ء میں گاڑیوں کے فیول چارجز اور مینٹی نینس اخراجات کا بھی آڈٹ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت کے پاس کئی شکایات موجود ہیں۔