وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں لوگوں کو انشاء اللہ پانچ سال میں ایک کروڑ سے زائد نوکریاں ملیں گی اور گھر بھی 50لاکھ سے تجاوز کر جائیں گے۔ تحریک انصاف نے 2018ء کے الیکشن میں اپنے منشور کا اعلان کیا تو لوگوں نے اس پر حیرانی کا اظہار کیا،جب پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تو اپوزیشن جماعتوں نے ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر نہ ملنے پر اسے آڑے ہاتھوں لیا۔ اپوزیشن رہنما ہر تقریر میں انہیں گھروں اور ملازمتوں کے بارے وعدے یاد دلاتے تھے لیکن پی ٹی آئی کے رہنما کہتے تھے کہ ہم ان کاموں میں لگے ہوئے ہیں۔ اب وزیر اعظم عمران خان نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ہم نے ایک کروڑ سے زائد نوکریاں اڑھائی برس میں دینے کا وعدہ نہیں کیا تھا بلکہ اس کے لئے کامل پانچ برس کا وعدہ تھا۔ اگلے اڑھائی برس میں ہم عوام کو ایک کروڑ سے زائد نوکریاں دیں گے جبکہ وعدے کے مطابق 50لاکھ گھر بھی دیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کے اعتماد اور وعدے کو دیکھ کر کئی سیاسی رہنمائوں کو حیرانی ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی اگر وعدے کے مطابق یہ کام کر دیتی ہے تو پھر عوام اس کی نہ صرف ستائش کرینگے بلکہ وعدے ایفا کرنے پر اگلے پانچ برس بھی انہیں دے سکتے ہیں۔ اس لئے وزیر اعظم اگر وعدے ایفا کر سکتے ہیں تو پھر انہیں اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خطرہ ہے نہ ہی کسی اور غیر آئینی طریقے سے ان کی حکومت ختم کی جا سکتی ہے۔ لہذا وہ وعدوں کے ایفا پر مکمل توجہ دیں‘ اس میں ان کی حکومت کا مستقبل محفوظ ہے۔