لاہور،پشاور(سٹاف رپورٹر،92 نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین میں بیت المقدس ،مسجد اقصیٰ میں اقوام متحدہ کی امن فو ج تعینات کی جائے ، او آئی سی بھی اپنے پلیٹ فارم سے یو این او کی فوج تعیناتی کا مطالبہ کرے ،جماعت اسلامی 23مئی کو قومی مشاورت کے لیے کانفرنس بلائے گی۔ جامعہ مسجد منصورہ میں نماز عید الفطر کے خطبہ اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرا ج الحق نے کہا فلسطین کے سابق وزیراعظم اسماعیل ہانیہ اور حماس کے چیف رہنما خالد مشعل سے رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے ،جانوروں کے حقوق پر آنسو بہانے والی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں، پاکستانی عوام غیرت مند غیور اوربہادر ہیں انشائاللہ پاکستان اسلامی ممالک کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کرے گا۔دریں اثناامیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ،دونوں رہنماؤں نے فلسطین کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔سراج الحق نے کہاکہ فلسطین کے حوالے سے پوری قوم ایک پیج پر ہے ،پاکستان فلسطین کے حوالے سے موجودہ حالات میں خود لیڈ کرے ، او آئی سی کے اجلاس میں واضح اور دو ٹوک موقف اپنایا جائے ۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اہل پاکستان سے اپیل کی ہے کہ فلسطینیوں کے لیے دل کھول کر عطیات جمع کرائیں ،فلسطینیوں کے لیے کوئی جائے پناہ نہیں، لوگ جل رہے اور ان کے گھر ملبے کے ڈھیر بن رہے ہیں،جبکہ عالمی ضمیر اندھا،گونگا اور بہرہ بنا ہوا ہے ۔ علاو ازیں امیرجماعت سراج الحق نے گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی عید کا دن پشاور میں یتیم بچوں،سٹریٹ چلڈرن اور تھیلی سیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کے ساتھ گزارااور انہیں عید کے تحائف اور عیدی دیکر ان بچوں کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔سراج الحق نے عید کا دوسرا دن آغوش الخدمت ہوم پشاور میں بچوں کے ساتھ گزارا ۔