لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نیب نے ریاست کے اندر ریاست بنا رکھی ، چیف جسٹس درست کہتے ہیں کہ نیب مخالفین کو ڈرانے ، دھمکانے ، ان کی وفاداریاں تبدیل کرانے اور بازو مروڑنے کا کام کرتاہے ، نیب کے اقدامات سے اعلیٰ عدلیہ سمیت کوئی بھی مطمئن نہیں ، اب تک یک طرفہ احتساب ہورہاہے ، نیب کو حکومت میں بیٹھے آٹا و چینی چور نظر آتے ہیں نہ وہ قوم کو لوٹنے والے بڑے بڑے مافیاز پر ہاتھ ڈالتاہے ، ملک پر لادین اور غیر شرعی نظام مسلط ہے جس کی وجہ سے ہمارا نظریہ اور جغرافیہ محفوظ نہیں ، جس عظیم مقصد کے لئے پاکستان حاصل کیا گیا تھا ، اس کو فراموش کر دیاگیا، شعائر اسلام ، انبیاؑو صحابہ کرام ؓ کے ناموس کے تحفظ کے لئے عالم اسلام کو متحد ہونا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شرقپور میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا پاکستان پر مسلط رہنے والی حکمران پارٹیاں ملک و قوم کی آزادی و خود مختاری کا تحفظ نہیں کر سکیں، آج بھی ملک پر انگریزکا وہی قانون اور نظام مسلط ہے جس سے نجات کے لئے پاکستان بنایا گیا تھا۔سینیٹر سرا ج الحق نے بابری مسجد کو شہید کرنے والے بدبختوں کو بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے بری کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ آج اگر امت میں کوئی صلاح الدین ایوبی ؒ، محمد بن قاسم ؒ یا محمود غزنوی ؒ ہوتا تو مودی کو مسجد یں گرانے اور مسلمانوں کے قتل عام کی جرا ت نہ ہوتی ۔