لاہور،اسلام آباد،ملتان،کراچی،گوادر(نامہ نگار خصوصی، نامہ نگار،92 نیوزرپورٹ،نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر،صداقت بلوچ) نیب نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی تمام جائیدادیں نیلام کرنے کیلئے احتساب عدالت میں درخواست دائر کردی۔ نواز شریف کو عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار دیا تھا۔ادھرنیب نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کی انکوائری بند کرنے کے لئے احتساب عدالت سے رجوع کر لیا، پرویز الہی اور دیگر کے خلاف 79 غیر قانونی بھرتیوں کی انکوائری زیر التوا تھی۔احتساب عدالت لاہور کے ڈیوٹی جج شیخ سجاد احمد نے پیراگون ریفرنس میں خواجہ سعد رفیق اورسلمان رفیق کے خلاف نیب کے گواہوں کو طلب کر تے ہوئے سماعت 19 مئی تک ملتوی کردی ۔احتساب عدالت لاہور نے غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں ملوث پیپلز پارٹی کے رہنما آصف ہاشمی کی بیماری کے باعث حاضری معافی کی درخواست منظور کرکے آئندہ سماعت پرگواہوں کو طلب کرلیا۔احتساب عدالت لاہور نے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق ایس ایس پی جنیدارشد کے خلاف نیب کے تفتیشی افسرکے بیان پر وکلائکو جرح کے لئے طلب کرتے ہوئے سماعت 4 مئی تک ملتوی کردی ۔احتساب عدالت اسلام آباد نے جعلی اکائونٹس سیکنڈل،نوری آباد پلانٹ اورمبینہ منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت پانچ مئی تک ملتوی کر دی۔ملزمان وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، خورشید انور جمالی اور دیگر ملزمان کی کمرہ عدالت میں حاضریاں لگائی گئیں، ملزم علی ظفر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے جبکہ 68 والیم پر مشتمل ریفرنس کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کی گئیں ،عدالت نے ملزم کو حاضری یقینی بنانے کیلئے 2، 2 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی،وزیر اعلی سندھ نے مستقل استثنی کی درخواست دائر کردی، ریفرنس کی کاپیاں تین گاڑیوں میں عدالت پہنچائی گئیں، 69والیمز پر مشتمل ریفرنس کو گاڑیوں سے اتارنے میں ایک گھنٹہ لگ گیا۔عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر شریک ملزم محمد علی ظفر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔احتساب عدالت ملتان نے محکمہ جنگلات میں مبینہ ملی بھگت کے ذریعے قومی خزانے کو 98 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کے مقدمہ میں ملوث ملزمان ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر جاوید اقبال، رینج افسران توقیر اکمل ، مطلوب احمد، بلاک آفیسر محمد رمضان، احمد،غلام نازک، گارڈز میں صدیق اور خالد محمود پر فرد جرم عائد کرکے گواہوں کی شہادتیں قلمبند کرنے کے لیے سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت کراچی نے ایف بی آرافسران کی ملی بھگت سے ٹیکس چوری ریفرنس کافیصلہ دو مئی تک محفوظ کرلیا۔احتساب عدالت اسلام آباد نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں اشتہاری ملزم یونس قدوائی اور دیگر کے خلاف پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے ریفرنس میں غیر حاضری کے باعث فرد جرم کی کارروائی پھراٹھارہ مئی تک موخرکردی ۔احتساب عدالت نے جاوید اشرف قاضی وغیرہ کے خلاف ریلوے اراضی کی غیر قانونی لیز سے متعلق ریفرنس میں شریک ملزمان کے وکلاء کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی ۔ نیب نے سرکاری ریکارڈمیں ردوبدل کے کیس میں تحصیلداروں سمیت15افرادکیخلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کردیا۔ موجودہ تحصیلدار گوادر بوحیر دشتی، سابق تحصیلدار طارق گچکی، نثار احمد گورگیج ، نور بزنجو، نذیر بزنجو ،قانون گو عبدالرزاق، گرداورسیدخداداد شاہ، پٹواری جاوید علی، عاصومی، رفیق اور سلطان نے ملی بھگت سے سرکاری ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کرکے 844 ایکڑ اراضی پرائیویٹ افراد کو فروخت کی جس سے قومی خزانے کو 214 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔