لاہور(قاضی ندیم اقبال)محکمہ اوقاف کی وقف اراضی کے متعلق نیب متحرک ہوگئی، ایڈمنسٹریٹرلاہور زون سے لاہور ، شیخوپورہ اور قصور کی تفصیلات طلب کر لیں، 4نکات پر مشتمل رپورٹ ترجیحی بنیادوں پر ارسال کرنے کی ہدایت کر دی گئی، ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر لاہور زون عابد شبیرلغاری کو محمد مظہر جاوید، ایڈیشنل ڈائریکٹر (سٹاف) برائے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی جانب سے ایک مراسلہ موصول ہوا ، مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ لاہور زون کی حدود میں واقع مکمل وقف اراضی کا ریکارڈ فراہم کیا جائے ، اراضی کی تازہ ترین فزیکل ویری فیکیشن رپورٹس بھی موجود ہونی چاہئے ، تازہ ترین آڈٹ رپورٹس کو بھی شامل کیاجائے ، اس بات کی بھی نشاندہی کی جائے کہ اوقاف اراضی پر ناجائز قبضہ ہونے کی صورت میں قابضین کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ، ایڈمنسٹریٹر لاہور زون کو کہا گیا کہ وہ نیب احتساب آرڈی نینس1999 کے سیکشن 27 کے تحت معلومات یا ریکارڈ خاتون ڈپٹی ڈائریکٹر شکایات ویری فی کیشن سیل نیب کوفراہم کریں، منیجر سرکل ایک (دربار حضرت پیر مکی ؒ) ، منیجر سرکل دو(زونل آفس) ، منیجر سرکل تین(دربار حضرت بی بی پاک دامن ؒ) ،منیجر سرکل چار(مسجد وزیر خان)، منیجر سرکل پانچ( دربار حضرت میاں میرؒ)، منیجر سرکل چھ(دربار حضرت شاہ جمال قادری ؒ)، منیجر شیخوپورہ اور منیجر قصور نے ریکارڈ کی تیاری شروع کر دی جو تقریباً آخری مراحل میں ہے ۔