لاہور (اپنے نیوز رپورٹر سے ) نیب لاہور بیورو نے گزشتہ ڈھائی سالہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کر دی، ڈائریکٹر جنرل شہزاد سلیم کی گزشتہ ڈھائی سالوں کی کارکردگی نے لاہور بیورو کی گزشتہ17 سال کی مجموعی کارکردگی کے ریکارڈ توڑ دیئے ۔ نیب لاہور بیورو نے ڈی جی شہزاد سلیم کی سربراہی میں اکتوبر2017 سے تاحال مجموعی طور پر کرپشن کے مختلف مقدمات میں 1 کھرب 6 ارب روپے کی ریکوری ممکن بنائی۔ مجموعی ریکوری میں 6 ارب 42 کروڑ روپے سے زائد رقوم کی پلی بارگین کی گئی اور3 ارب 22 کروڑ روپے ملزمان سے وصول کرکے 2 ارب 24 کروڑ روپے متاثرین میں تقسیم بھی کئے جا چکے ہیں۔ اسی دوران 51 ارب 57 کروڑ روپے مالیت کی ان ڈائریکٹ ریکوری بھی ممکن بنائی گئی۔ ہائوسنگ سیکٹر کے 14 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کرائے گئے جنکی مالیت 26 ارب روپے ہے ۔پراسیکیوشن ونگ نے گزشتہ ڈھائی سالوں کے دوران 49 ارب مالیت پر مشتمل کل 106 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کئے ۔ زیر تفتیش 62 میں سے 40 کیسز کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ نیب لاہور میں فی الوقت ہاؤسنگ سیکٹر کے 22 مقدمات کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے 54304 متاثرین کیلئے نیب لاہور نے ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ وصولیاں ممکن بنائیں۔ ڈی جی نیب لاہور نے کہا چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی اختیار کردہ "احتساب سب کیلئے " کی پالیسی پر سختی سے قائم اور ملک و قوم کے لوٹے گئے پیسہ کی برآمدگی کیلئے کوشاں ہے ۔