کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے دورہ کراچی میں انہیں کہا تھا کہ وفاقی حکومت تین ہسپتال این آئی سی وی ڈی، جے پی ایم سی اور این آئی سی ایچ نہیں چلا سکتی لہٰذا انہیں صوبائی حکومت چلائے ۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ انہیں پتہ ہے ایک ہسپتال چلانے میں کتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے یہ بات رورل ہیلتھ سینٹر بلدیہ ٹاؤن میں گزشتہ روز انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پرصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے بچوں کوپولیو ویکسین کے قطرے پلاکرسات روزہ مہم کا افتتاح کیا۔بعد ازاں انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت ان ہسپتالوں کو چلانے میں سنجیدہ ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا،مگر پھر وفاقی حکومت کو صوبائی حکومت کی جانب سے ان ہسپتالوں میں لگائی گئی رقم واپس کرنا ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی گورنر کے ساتھ ملاقات معمول کی ملاقات تھی ۔نئے آئی جی پولیس کی تعیناتی میں تاخیر سمجھ سے بالاتر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال اب تک سندھ میں پولیو کے 5 کیسز کی نشاندہی ہوئی ہے ۔یہ میرے لیے تکلیف دہ بات ہے ،اب حکمت عملی تبدیل کی گئی ہے ۔