لاہور( حافظ فیض احمد)سانحہ تیز گام ٹرین کے بعد ریلوے پولیس حکام نے ٹرینوں میں گیس سلنڈر، مٹی تیل کے چولہے اور آتش گیر مواد لے کر جانے والے مسافروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اور خصوصی مہم کے دوران مین لائن اور برانچ لائنوں پر چلنے والی مختلف ٹرینوں میں کارروائی کرتے ہوئے مسافروں سے 237گیس سلنڈر اور چولہے برآمد کر کے ضبط کر لئے اور ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے ،اس حوالے سے آئی جی ریلوے پولیس واجد ضیا کی جانب سے سانحہ تیز گام کے بعد تمام ایس پیز کو مراسلہ جاری کیا ہے کہ آئندہ تبلیغی اجتماع رائیونڈ، اجتماع دعوت اسلامی ملتان، سیہون شریف عرس اور سکھ سپیشل ٹرینوں کے لئے سکیورٹی پلان تیار اور مانیٹر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ،ریلوے پولیس ذرائع کے مطابق گیس سلنڈر پکڑے گئے بیشتر مسافروں کا تعلق مرکز تبلیغی اجتماع سے ہے ،ادھر تبلیغی اجتماع کے مرکز کی جانب سے لیٹر بھی ارسال کیا گیا ہے کہ آئندہ کوئی جماعت یا ان کے ساتھی گیس سلنڈر لے کرٹرین میں سوار نہ ہوں ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ریلوے پولیس اظہر رشید خان کا کہنا ہے کہ مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کرنا ریلوے پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم مسافروں کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ ٹرین میں کسی قسم کا آتش گیر مادہ، گیس سلنڈر، چولہے لے کر سوار نہ ہوں۔