اسلام آباد ، راولپنڈی ( سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز اے این ایف ہیڈکوارٹر ز کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو اے این ایف کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف نے کہا (منشیات فروشوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،منشیات تیارکرنے والے انسانیت کے دشمن اور قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ منشیات کا پیسہ دہشتگردی کوتقویت دینے کیلئے استعمال کیاجا رہا ہے ۔اے این ایف ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عارف ملک نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے منشیات سمگلنگ کنٹرول کرنے کیلئے کئے گئے اے این ایف کے اقدامات کو سراہا۔دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہاہے پاکستان جنوبی افریقہ کیساتھ اپنے تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے ، جنوبی افریقہ نے افریقی خطے میں امن و سلامتی اورترقی میں کلیدی کرداراداکیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورسز کے سربراہ نے جی ایچ کیوکادورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال پرتبادلہ خیا ل کیاگیا،دونوں ممالک کے درمیان دفاع، تربیت و سکیورٹی تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔ جنرل رڈزانی نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستانی کردارکی تعریف کی اور کہاپاکستان کاافغان امن عمل میں کردارقابل قدرہے ۔ جنوبی افریقن نیشنل ڈیفنس فورسز کے چیف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرزکا بھی دورہ کیا۔جنرل رڈزانی مافوانیا نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی،ملاقات میں دوطرفہ تعاون اورموجودہ علاقائی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا،دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزیدمستحکم بنانے کے عزم کااظہار کیا گیا،جنرل رڈزانی نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ استعدادکارکی تعریف کی اور کہاپاک فوج نے انسداددہشتگردی کی جنگ میں لازوال قربانیاں دیں،آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل رڈزانی کا جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز آمدپر پرتپاک خیرمقدم کیاگیا، مسلح افواج کے چاق و چوبنددستے نے معززمہمان کوسلامی پیش کی۔