اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی،صباح نیوز)یواین ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلپو گرانڈی نے صدر مملکت عارف علوی،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں مہاجرین کے امور پر گفتگو کی گئی جبکہ افغان شہریوں کی مدد جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔فلپو گرانڈی سے گفتگو میں صدر عارف علوی نے کہا کہ افغانستان کو انسانی اور معاشی امداد کی اشد ضرورت ہے ، طویل جنگ نے افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے ، عالمی برادری کو افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہئے اور افغان عوام کی معاشی اور انسانی امداد جاری رکھنی چاہئے ۔ دنیا کو افغانستان میں امن کے فروغ اور لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کرنے کی ضرورت ہے ۔ یواین ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی اور افغانستان میں انسانی امداد بھیجنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے ملاقات اور افغانستان کی صورتحال اورانسانی بنیادوں پر امدادی کاموں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے مہاجرین کے بحران سے بچنے کیلئے ملکرعالمی سطح پر کوششوں کی ضرورت کا اعادہ کیا۔سپہ سالار نے اقوام متحدہ کی بنیادی اقدار اور بحرانوں میں یو این ایچ سی آر کے کردار کو سراہا۔اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔یواین ہائی کمشنر سے ملاقات میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دنیا کو طالبان کو حکومت سازی اور ملکی امور چلانے میں وقت دینا چاہئے ، مہاجرین افغانستان میں ممکنہ انسانی قحط بدامنی ،اور لاقانونیت کو جنم دے سکتا ہے ۔ ملاقات میں افغانستان سے انخلا اورافغان شہریوں کیلئے انسانی امداد سے متعلق بات چیت کی۔ملاقات کے دوران اتفاق کیا گیا کہ افغان شہریوں کو موجودہ حالات میں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا، انسانی بنیادوں پر افغان شہریوں کیلئے خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کا بندوبست کیا جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ دنیا کو افغانستان میں زمینی حقائق سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر بر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا 30 لاکھ افغان مہاجرین کی مسلسل دیکھ بھال میں کردار قابل رشک ہے ۔