لاہور، سرگودھا، پارا چنار، اسلام آباد، مظفر آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، خبر نگار، نمائندہ 92 نیوز، لیڈی رپورٹر) آزاد کشمیر کی برفانی تودوں سے متاثرہ وادی نیلم میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا اور خراب موسمی حالات کی وجہ سے بالائی علاقوں میں امدادی آپریشن روک دیا گیا، وادی لیپہ، اٹھ مقام، وادی شونٹھر، جاگران، سرگن، گریس، بالائی نیلم،کیل، شاردہ میں برفباری ہورہی ہے جبکہ مظفرآباد شہر میں بارش ہوئی، وادی نیلم کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ سرتوڑ کوششوں کے باوجود بحال نہیں ہو سکا اور محکمہ شاہرات کی مشینری نے موسم صاف ہونے تک کام روک دیا ، وادی لیپہ کا زمینی راستہ بحال کرنے والی مشینری کو برفباری کی وجہ سے پیچھے ہٹا دیا گیا ، بالائی وادی نیلم میں ہزاروں افراد محصور ہیں اور خوراک کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے ، گلگت بلتستان میں بھی برفباری کا تیسرا مرحلہ شروع ہونے سے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، سردی اور برفباری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوگئے جبکہ ادویات اور غذائی قلت کا سامنا ہے ۔ پاراچنار میں برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ، علاقے کے حسن میں نکھار آگیا ، لوگ برفباری کو انجوائے کررہے ہیں ،سب سے زیادہ بچے لطف اندوز ہو رہے ہیں، دوسری جانب عوام کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں ، گیس کی سہولت نہ ہونے ، لکڑی کی بڑھتی قیمتوں اور بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ، کئی علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ۔ سرگودھا میں کہیں ہلکی بوندا باندی اور کہیں تیز بارش نے موسم سرد کردیا، محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جنوری تک موسم سرد رہنے کی توقع ہے ۔ بدھ کے روز بالائی خیبر پختو نخوا کے پہاڑی علاقے ، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اورپہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے ، پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند کا امکان ہے ۔ صوبائی دارلحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 اور کم از کم 9.4 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج شہر کا موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔