ملتان(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب نے شربت بیچ کر گھر کی کفالت کرنیوالے اورمیٹرک کے امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرنیوالے طالبعلم حذیفہ کو 20 ہزار روپے کیش انعام دیا جبکہ مستقبل کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان بھی کیا۔دہلی گیٹ کا رہائشی حذیفہ کے والد کا انتقال ہو چکا اور وہ گزشتہ پانچ سال سے شربت بیچ کر اپنی والدہ اور 4چھوٹے بہن بھائیوں کی کفالت کر رہا ہے ، حذیفہ نے گزشتہ سال ملتان بورڈ کے میٹرک کے امتحانات میں 1100 میں سے 1050نمبر حاصل کئے تھے ۔حذیفہ اب سکالرشپ پر نجی کالج سے پری میڈیکل کر رہا ہے ، حذیفہ کی شربت بیچتے ہوئے مسکراتے چہرے کیساتھ تصویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ویڈیو دیکھنے کے بعد ہونہار حذیفہ کی تعلیمی قابلیت کا اعتراف کیا اور انہیں سرکاری مہمان بنانے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ کی طرف کیش انعام کمشنر ملتان شان الحق نے دیا، حذیفہ کو کمشنر آفس آمد پرسرکاری مہمان کا درجہ دیا گیا۔کمشنر ملتان نے کہا ہونہار طالبعلم نے ثبات کیا کہ تعلیم کی دولت کسی مخصوص طبقے کی میراث نہیں۔