کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ اور رکن صوبائی اسمبلی نواب اسلم رئیسانی نے 64 سال کی عمر میں دوبارہ تعلیم شروع کردی، بلوچستان یونیورسٹی کے پولیٹیکل سائنس ڈیپارٹمنٹ میں ایم فل کیلئے داخلہ لے لیا۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق وزیراعلیٰ اسلم رئیسانی نے تصدیق کی کہ اب وہ باقاعدہ کلاسز اور لیکچرز اٹینڈ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری یا کوئی عہدہ حاصل کرنے کیلئے نہیں بلکہ پڑھنے کے شوق کی خاطر یونیورسٹی میں داخلہ لیا ہے ، ایم فل میں کامیابی ملی تو پی ایچ ڈی بھی کروں گا، سیکھنے کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی، انسان آخری عمر تک سیکھتا ہے ۔بلوچستان کے 2008ء سے 2013ء تک وزیراعلیٰ رہنے والے نواب اسلم رئیسانی نے 30 سال قبل بلوچستان یونیورسٹی سے ہی پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی تھی۔