اسلام آباد(سید نوید جمال ) وزیر اعظم عمران خان کی امریکہ سے واپسی ،وفاقی کابینہ میں ایک مرتبہ پھر تبدیلیاں متوقع،وزارتوں کی جانب سے ناقص کارکردگی پر وزراء میں تشویش بڑھ گئی ،کابینہ میں نئے چہرے بھی نظر آنے کا مکان ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب سے فارغ ہونے والے شہباز گل کو بھی وفاق میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان ہے وہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان سے ون ٹو ون ملاقات کرچکے ہیں ،تحریک انصاف کے بعض حلقے اسلام آباد سے منتخب ہونے والے پارٹی ایم این ایز کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کے حوالے سے کمپئین جاری رکھے ہوئے ہیں، اس سلسلے میں سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے دوبارہ کابینہ میں آنے کا امکان ہے جبکہ چند وزراء کے قلمدان تبدیل ہونے کا امکان ہے جن میں وزیر دفاع پرویز خٹک ،وزیردفاعی پیداوار زبیدہ جلال ،وزیر تعلیم شفقت محمود ،وزیرمنصوبہ بندی خسروبختیار شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ وزارتوں کی ناقص کارکردگی پر ان وزارتوں کے وزراء کو تبدیل کریں گے گزشتہ ماہ وزیر اعظم نے وزارتوں کی کارکردگی کے حوالے سے تمام وزارتوں سے رپورٹس طلب کیں تھیں تاہم وزیر اعظم کی ہدایات کو پس پشست ڈالتے ہوئے مقررہ تاریخ تک متعدد وزارتوں کی جانب سے رپورٹس جمع نہیں کرائی گئیں جن پر کابینہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے برہمی کا اظہار کیاتھا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزارتوں کی ناقص کارکردگی پر وزراء کے قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاہے اب جبکہ وہ امریکہ سے واپس آرہے ہیں امید ہے کہ آئندہ چند دنوں میں کابینہ میں تبدیلیاں کی جائیں گی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں مشرف دور میں وزیر تعلیم رہنے والی بلوچستان سے تعلق رکھنے والی حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کی رکن اسمبلی موجودہ دفاعی پیداوارکی وزیر زبیدہ جلال کوایک بار پھر وزیر تعلیم، جبکہ وزیر دفاع پرویز خٹک کو وزیر داخلہ بنانے ، وزیر تعلیم شفقت محمود کو بھی کوئی اور وزارت دینے کا امکان ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کی وزارت تبدیل کرنے کا امکان ہے ،جبکہ کابینہ میں کچھ نئے چہروں کو بھی شامل کیا جائیگا جن میں مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم سمیت اتحادی جماعتوں سے ایک اور وزارت کادینے کا فیصلہ کیاگیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق پارلیمانی امور کے مشیر ڈاکٹر بابر اعوان بھی دوبارہ کابینہ میں شامل ہونے کے لئے دوڑ میں شامل ہوچکے ہیں وہ ہر ہفتے تسلسل کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں ،اسی طرح پنجاب سے فارغ ہونے والے شہباز گل کو بھی وفاق میں عہدہ دئیے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے وزارت کے خواہش مند پارلیمنٹرین نے بھی وزیربننے کے لئے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں تاہم حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسٗلہ کشمیر پر پاکستان اور کشمیری عوام کا موقف بہترین انداز میں اجاگر کرنے کے بعد واپس وطن پہنچنے والے ہیں اورامکان ہے کہ آئندہ چند دنوں میں وہ کابینہ میں تبدیلیوں کے حوالے سے فیصلے کریں گے ۔