وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے: متاثرین گوادر کی ہر ممکن مدد کرینگے، متاثرین کے نقصانات کی ضابطے اور قانون کے مطابق ادائیگی ہو گی،مصیبت کے وقت اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، اس خدمت میںکوئی کوتاہی نہیں ہوگی۔حالیہ بارشوں نے گوادر میں تباہی پھیلا دی ہے ۔اگر دیکھا جائے تو گوادر پورٹ ڈوب گئی ہے ،وہاں کے رہنے والوں کی زندگی میں پہلے ہی کئی دکھ اور مصائب تھے جو مزید بڑھ گئے ہیں ۔ طوفانی بارشوں سے جیوانی سمیت دیگر علاقوں کو نقصان پہنچا، انٹر نیٹ سروس متاثر ہونے سے سکولوں میں امتحان ملتوی کئے گئے۔وزیر اعظم پاکستان حلف اٹھانے کے بعد وہاں گئے اور اعلان کیا ہے کہ متاثرین کی مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی،انہوں نے تاکید کی کہ متاثرین کیلئے جامع پروگرام مرتب کرکے پیش کیا جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے آفات کی پیشگوئی کیلئے نظام وضع کیا جائے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے متاثرین میں امدادی سامان اور امدادی چیکس بھی تقسیم کئے۔جن کے گھر تباہ ہوگئے حکومت ان کوساڑھے 7لاکھ روپے ادا کرے گی ، جس کا گھر جزوی طور پر تباہ ہوا اس کو ساڑھے 3لاکھ روپے کے چیک دیئے جائیں گے۔ بارشوں کے دوران جو زخمی ہوئے ہیں ان کو 5لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے۔اسی دورے کے بعد متاثرین کو بھول نہیں جانا چاہیے بلکہ صوبائی حکومت کو بھی اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کی مدد کرنی چاہیے تاکہ متاثرہ خاندان اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں ۔