اسلام آباد (وقائع نگار) وزیر اعظم نے شعبہ ہوا بازی کی صنعت کے فروغ کیلئے اہم قدم اٹھا لیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی پالیسی کے تحت ایرو ناٹیکل چارجز ختم کر دیئے ۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے تمام ایئر پورٹس پر اندرون ملک آنے اور جانے والی پروازوں پر چارجز ختم کرنے کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنوں پر لینڈنگ چارجز صفر کر دیئے ہیں، پارکنگ، بورڈنگ چارجز، جہازوں کو پاور سپلائی اور ٹرمنل نیوی گیشن چارجز بھی ختم کر دیئے گئے ۔ سی اے اے کی جانب سے نوٹس کے ذریعے تمام ایئر لائنوں کو آگاہ کر دیا گیا۔ ایرو ناٹیکل چارجز ختم ہونے سے پی آئی اے سمیت ڈومیسٹک پروازوں کو فائدہ ہوگا۔ سی اے اے کا کہنا ہے کہ چارجز ختم ہونے سے پی آئی اے کو 70 فی صد سے زائد فائدہ ہوگا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز کو سالانہ 4 ارب کی بچت ہوگی۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان قومی اداروں کو فروغ دینے کیلئے عزم کا اظہار کر چکے ہیں، اور اس سلسلے میں نئی پالیسیاں لائی جا رہی ہیں۔ 15 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین پی آئی اے ایئر مارشل ارشد محمود ملک کی ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں پی آئی اے کے خسارے میں مزید کمی لانے کیلئے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا جب کہ وزیر اعظم نے ادارے میں بہتری کیلئے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔