کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ سے مشاورت کے بعدآج نیب میں پیش ہوکراپنا دفاع کرنے کا فیصلہ کرلیا تاہم ان کی پیشی کا حتمی فیصلہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کرینگے ۔ وزیراعلی سندھ کی عدم موجودگی میں سندھ میں حکومتی امورکے حوالے سے حکمت عملی بھی وضع کرلی گئی ہے ۔ نیب راولپنڈی نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کوسندھ سولرروشن کیس میں طلب کررکھا ہے اور انہیں 28 سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھی بھجوایا ہے ۔اس سے قبل نیب راولپنڈی نے انہیں 4 جون کو طلب کیاتھا لیکن وزیر اعلیٰ نے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا،وہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے ۔