اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان آج سعودی عرب کے دوروزہ دورے پر روانہ ہونگے ۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی قیادت کے ساتھ ملاقات کریں گے اور اسے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کریں گے ۔ بیان کے مطابق وزیر اعظم مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے فروری 2019 کے دورہ پاکستان کے بعد سے تعلقات نہایت تیزی سے استحکام کی جانب گامزن ہیں ۔ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔این این آئی کے مطابق وزیراعظم 21 ستمبر کو سعودی عرب سے ڈائریکٹ نیویارک روانہ ہوں گے اور وہاں پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سائیڈ لائن پر اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ وزیراعظم اور امریکی صدر کے درمیان 2 ملاقاتیں طے ہیں ۔