لاہور(خصوصی نمائندہ) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ31اگست کو گور نر ہاؤس میں تاریخی ''انٹر نیشنل سکھ کنونشن ''ہورہا ہے ،وزیر اعظم عمران خان جنرل اسمبلی اجلاس میں مسئلہ کشمیر،بھارتی جنگی جنون اور خطے کی مجموعی صورتحال پرقومی امنگوں کی ترجمانی کر یں گے ،خطے میں نریندر مودی امن اور اقلیتوں کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے ،21روز بعد بھی کشمیر میں 8لاکھ بھارتی فوجیوں کو کر فیو ختم کر نے کی جرأت نہیں ہو رہی کیونکہ کشمیر یوں کے جذبے کا بھارت مقابلہ نہیں کر سکتا۔ گور نر ہاؤس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجا زعالم اور سابق ایم این اے رضا حیات ہراج کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کر تا ر پورراہداری منصوبے کے افتتاح کی خبر بھارت پربجلی بن کر گر ی ہے اور اس بات کا خدشہ موجود ہے کہ بھارت کر تار پورراہداری منصوبے کے افتتاح کو سبو تاژ کر نے کیلئے کوئی سازش کر سکتا ہے مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے پہلے بھی بھارت کی سازشو ں کو ناکا م بنایا ہے اور اب بھی بھارت کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔