لاہور(جوادآراعوان)وزیر اعظم وفاقی اور صوبائی حکومت پنجاب کی کارکردگی سے متعلق پازیٹو امیج بلڈنگ کے معاملے پر غیر مطمئن ہیں ،مرکز اور پنجاب کی کارکردگی کے مثبت پہلو اجاگر کرنے کے لئے سخت ہدایات جاری کردیں،پنجاب حکومت کی کارکردگی سے عوام کی آگاہی کے لئے بنائے گئے طریقہ کار سے بعض کابینہ ممبران اتفاق نہیں کرتے ۔ ممبران پنجاب کابینہ نے روزنامہ 92نیوز کو وفاقی اور پنجاب حکومت کو درپیش پازیٹو امیج بلڈنگ کے معاملے پر بتایا کہ وزیر اعظم وفاقی اور صوبائی حکومت پنجاب کی کارکردگی کے مثبت پہلوئوں کو عوام تک پہنچانے کے ایشو پر انتہائی غیر مطمئن ہیں اور انہوں نے مرکز اور پنجاب کی کارکردگی کے مثبت پہلو اجاگر کرنے کے لئے سخت ہدایات کی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی کابینہ کے بعض ممبران عوام تک کارکردگی کے مثبت پہلو پہنچانے کے طریقہ کار سے اتفاق نہیں کرتے ،انکا اعتراض ہے کہ وزیر اطلاعات کو کسی محکمے سے متعلق کارکردگی پر میڈیا بریفنگ کے دوران محکمے کے وزیر کو موقع دینا چاہئے ، سیکرٹری بھی موجود ہونا چاہئے اور بریفنگ کا فوکس صرف متعلقہ محکمہ ہونا چاہئے ناں کہ سیاسی گفتگو ،محکمے کی کارکردگی پر میڈیا بریفنگ کا آغاز اگر سیاسی گفتگو سے ہو گا تو اس بریفنگ کا ہدف تو دب جائے گا، سیاسی گفتگو کے لئے علیحدہ سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جا سکتا ہے ،محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے میڈیا بریفنگ کو موضوع تک محدود رہنے دیا جائے تو اسکا فائدہ ہو گا اور وزیر اعظم کی ہدایات پر بھی عمل ہو گا،انکے مطابق اسی طریقہ کار سے کارکردگی کے پہلو عوام تک پہنچانے کی کوشش جاری رہی تو پھر اﷲ ہی حافظ ہے ،عوام تک پرفارمنس پازیٹو طریقے سے پہنچانے کے لئے سمارٹ پالیسی کی ضرورت ہے ،وگرنہ عوام کارکردگی کو محض پراپیگنڈہ سمجھیں گے ۔