پشاور(92نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایت کی ہے ، وزیر اعلیٰ نے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ بی آر ٹی کی ٹائم لائن کے اندرتکمیل ممکن بنانے کیلئے ڈبل شفٹوں میں کام شروع کیا جائے ،انہوں نے کنٹریکٹرز کی پیمنٹ اور دیگر مسائل کو بھی حل کرنے کی ہدایت کی ہے ،وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی پر ڈبل شفٹ میں کام کرنے کو یقینی بنانے کیلئے ایس ایس یو کے ہیڈ صاحبزادہ سعید کو نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں بی آر ٹی منصوبے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔کنٹریکٹرز نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جبکہ ڈی جی پی ڈی اے نے بی آر ٹی پر کام کی پیشرفت اور اْس کی تکمیل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کنٹریکٹرز کے مسائل غور سے سنے اور اْن کے حل کی یقینی دہانی بھی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بی آر ٹی کے معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔