مکرمی ! ہمارے ملک میں سیاست قوم و ملک کی اجتماعی فلاح کی سوچ سے یکسر عاری ہو چکی ہے۔ وسائل پر جابرانہ قبضہ اور لوٹ مار کرکے اپنے ذاتی کھاتوں کو موٹا کرنا ہی ہر سیاستدان کی سیاست کا مرکز ومحور بن چکا۔ عمران خان مگر مفادات کے اس گہرے تالاب میں چھلانگ لگانے کی بجائے اس سے گندی مچھلیاں پکڑنے کو اس میں جال لگائے بیٹھے ہیں وہ شخص ہے جسے اپنے جیسا گندہ ثابت کرنے کیلئے اپوزیشن نے کیا کچھ الزامات اس پر نہیں لگائے مگر وقت نے ثابت کیا کہ عمران خان کے مخالفین کا پراپیگنڈہ انتہائی غلط اور گمراہ کن تھا۔ عمران خان نے اپنے عمل سے نبی کریم ؐ اور حرم پاک کے ادب و احترام کو ثابت کیا ۔ اس سے قبل ہر عالمی فورم پر اسلام کا مقدمہ جس انداز میں عمران خان پیش کر چکے ہیں اس کے بارے میں پرمٹوں اور کشمیر کمیٹیوں کی سیاست کرنے والوں سمیت کوئی بھی دوسرا سیاستدان سوچ تک نہیں سکتا ۔ وزیر اعظم عمران خان دورہ سعودی عرب کے دوران اپنے دامن میں خیر ، فلاح اور تعمیر وترقی کے بے شماریقینی مواقع سمیٹ کر واپس آئے ہیں ۔ ان میں سب سے اہم سعودی عرب میں پاکستانی محنت کشوں کے لئے ملازمتوں کے لاکھوں یقینی مواقع ہیں ۔ اگلے دس سالوں میں سعودیہ کے اندر پیدا ہونے والی ایک کروڑ ملازمتوں میں سے کم و بیش 50 لاکھ ملازمتیں پاکستانی باشندوں کو ملیں گی جن میں ہنر مند اور غیر ہنر مند دونوں شامل ہیں ۔ نوجوانوں کو روزگار دینے کے جو اعلانات وزیر اعظم عمرا ن خان نے کئے تھے ان کو پورا کرنے میں یہ ملازمتیں اہم ہیں ۔ ( ملک عابد ‘ راولپنڈی)