فیصل آ باد(وقائع نگار خصوصی ) وزیر اعظم عمران خان کل فیصل آ باد کا دورہ کریں گے اور اس دوران وہ ساہیانوالہ میں پاکستان میں بننے والے پہلے سی پیک سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ 3300 ایکڑ اراضی پر محیط اس انڈسٹریل سٹی میں400 نئی صنعتوں کے قیام کے علاوہ3 لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ یہاں پر مجموعی سر مایہ کاری 800 ارب رو پے متوقع ہے ۔وزیر اعظم عمران خان 2 بجے دوپہر فیصل آ باد پہنچیں گے ۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار، گورنر چودھری محمد سرور اور چینی سفیر کے علاوہ دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود ہو نگے ۔ فیصل آ باد میں بننے والے سی پیک کے تحت پہلے سپیشل اکنامک زون میں صنعتی پلاٹوں کی بیلٹنگ رواں ماہ میں ہی کی جائیگی۔ چیئرمین فیڈمک کے مطابق علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ترقیاتی کام ریکارڈ مدت میں مکمل کئے جائیں گے جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں ۔بعدازاں وزیراعظم عمران خان اسی روزسہ پہر4 بجے جنرل بس سٹینڈ پرمدینہ فاؤنڈیشن کی تعمیرکردہ پہلی پناہ گاہ کا با ضابطہ افتتاح کریں گے ،جہاں پر350 افراد کے ٹھہرنے کی گنجائش ہے ،چیئر مین مدینہ فاؤنڈ یشن میاں محمد حنیف بھی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ہونگے ۔ اسے 3 روزقبل وزیر اعظم عمران خان کی در خواست پر عارضی طور پر کھول دیا گیا تھا، جہاں شہریوں کو 3وقت کے کھانے کے علاوہ قیام کی بہترین سہولتیں مفت فراہم کی جا رہی ہیں ۔