اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے ترکی کے ڈپٹی وزیر داخلہ اسماعیل گاٹالکی نے خصوصی ملاقات کی ہے جس میں ترکی کے سفیر مصطفیٰ احسان یردکل بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجودتھے ۔ ملاقات میں باہمی امور اور سکیورٹی سے متعلق اہم معاملات زیر غور لائے گئے ۔ ترک وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کو تقریباً ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے جس میں سر فہرست مہاجرین اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کا مسئلہ ہے ۔ پاکستان کی جانب سے بھرپور تعاون پر بے حد شکر گزار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری میں وزارت داخلہ کا اہم کردارہے ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ہم ترکی کی جانب سے پاکستان کی ہر فورم پر سپورٹ کیلئے شکر گزار ہیں۔ کشمیر سے لے کر ہر معاملے پر ترکی نے پاکستان کا ساتھ دیا ۔ ترک صدر کا دورہ بھی نہایت کامیاب تھاوہ نہ صرف حکومتی سطح پر بلکہ پاکستان کی عوام میں بھی بے حد مقبول ہیں۔وزارت داخلہ کے وفد نے بتایا کہ غیر قانونی سفر کی روک تھام کیلئے ایئر پورٹس پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے ، اب نقلی کاغذات پر سفر نہیں ہو سکتا۔تمام شکوک ختم کرنے کیلئے الیکٹرانک پاسپورٹ متعارف کرانے کی تجویز کو جلد عمل میں لایا جائیگا ۔ وفد نے یہ بھی باور کرایا کہ بارڈر پر بھی تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر داخلہ اعجازشاہ کا کہنا تھا کہ امید ہے تمام مسائل مکمل طور پر حل کر لینگے ۔