اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان آج سے 23 جنوری تک سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں منعقدہ عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کریں گے ۔ عالمی اقتصادی فورم کے بانی و انتظامی چیئرمین کلاز شواب نے وزیراعظم کو عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ اس سال فورم کا موضوع ’سٹیک ہولڈر برائے مربوط و پائیدار دنیا‘ مقرر کیا گیا ہے ۔ فورم میں سیاسی رہنما، بزنس ایگزیکٹوز، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے نمائندے عصر حاضر کے اقتصادی، جیو پولیٹیکل، سماجی اور ماحولیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ وزیراعظم دورے کے دوران عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی سیشن میں شریک ہوں گے ، اس کے علاوہ وہ بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز اور کارپوریٹ رہنماؤں سے پاکستان سٹریٹجک ڈائیلاگ بھی کریں گے ،وہ متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ دورے کے دوران وزیراعظم جن رہنماؤں سے ملاقات کر رہے ہیں، ان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں۔