کوالالمپور(مانیٹرنگ ڈیسک؍ نیٹ نیوز) وزیر اعظم عمران خان ملائیشیا کے ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر کوالا لمپور پہنچ گئے ۔کوالالمپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے بونگا رایا کمپلیکس پہنچنے پر ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد سابو نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ائیرپورٹ پر ملاقات بھی ہوئی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔دونوں ممالک کے وزرائے اعظم باہمی ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔علاوہ ازیں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی موجودگی میں وفود کی سطح پر اہم معاہدے اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے ۔عمران خان اور مہاتیر محمد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے ۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا وزیراعظم عمران خان مختلف ملاقاتوں کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی امن وسلامتی کے حوالے سے پاکستان کے مثبت کردار پر بات کریں گے ۔علاوہ ازیں عمران خان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کے جارحانہ رویے کی وجہ سے علاقائی امن وسلامتی کو درپیش خطرات سے متعلق بھی گفتگو کریں گے ۔آن لائن کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے خصوصی طیارہ نے بھارت کے بجائے چینی فضائی حدود استعمال کی جس کے باعث سفر مزید 4 گھنٹے طویل ہو گیا۔