اسلام آباد،لاہور(سپیشل رپورٹر،خصوصی نمائندہ) وزیراعظم عمران خان لاہور پہنچ گئے ،جہاں آج پنجاب انرولمنٹ پالیسی کا افتتاح کریں گے ، عمران خان وزیر اعلیٰ ،گورنر پنجاب اور صوبائی کابینہ کے ممبران سے ملاقات بھی کریں گے ، وزیر اعظم صوبے کے اہم معاملات پر وزیر اعلیٰ اور صوبائی کابینہ سے علیحدہ علیحدہ بریفنگ لیں گے ،وزیراعظم کو پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے خصوصی بریفنگ کا بھی امکان ہے ،وزیر اعظم پنجاب کے شعبہ تعلیم، صحت ،بلدیات اور انسداد رشوت ستانی سے متعلق بھی خصوصی بریفنگ لے سکتے ہیں۔ قبل ازیں عمران خان سے بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود نے ملاقات کی۔وزیر اعظم آفس کے مطابق بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنرسہیل محمود نے جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہائی کمشنر سہیل محمود نے بھارت روانگی سے قبل وزیر اعظم سے رہنمائی حاصل کی۔