اسلام آباد؍ لاہور (خبر نگار خصوصی؍کامرس رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے روزہ داروں کے لئے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے عید تک 10 کلو آٹا بیگ کی قیمت550 سے کم کر کے صوبہ پنجاب میں 400 روپے اور رمضان بازار اور یوٹیلیٹی سٹورز میں فی کلو چینی کی قیمت 75 روپے سے کم کر کے 70 روپے مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاباقی صوبے بھی یہ قیمتیں مقرر کرنے کی کوشش کریں۔ وزیر اعظم نے کہا صوبہ پنجاب آٹا اور چینی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بلوچستان اور آزاد جموں کشمیر کی امداد کرے ۔ وزیر اعظم نے کہاوفاقی حکومت ضرورت کے مطابق بلوچستان کو اضافی ادائیگی کرے گی۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے بھی اوپن مارکیٹ میں 10 کلو گرام آٹا 450 روپے میں فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کا سستے آٹے کی فراہمی پر وزیر اعظم کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے ۔ ایسوسی ایشن کے مطابق رمضان بازاروں کے علاوہ عام مارکیٹ میں بھی سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے گا۔اوپن مارکیٹ میں شہریوں کو 450 روپے میں 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا میسر آئے گا،سستے آٹے کی فراہمی گرین کلر کے مخصوص تھیلے میں کی جائے گی۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین طاہر حنیف ملک نے کہا کہ سستے آٹے کی فراہمی کے لئے حکومت 16 سو روپے من گندم فراہم کرے گی،سستے آٹے کی فراہمی جمعرات سے شروع کر دی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مزیدبرآں شہباز شریف سے پاکستان میں یواے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف نے منگل کو پہلی بار وزیراعظم سیکرٹریٹ میں اجلاسوں کی صدارت اور ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ امیدہے وزرا اورکابینہ ممبران قیادت کرتے ہوئے عوامی مسائل حل کرینگے ،کام ،کام اورصرف کام ہمارا نصب العین ہوگا۔وزیراعظم نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان سویڈن اورہالینڈ میں اسلامو فوبیا کے حالیہ واقعات پر سخت رنجیدہ ہیں۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ ان واقعات کی مذمت کرے اور اس طرح کے گھنائونے رویوں کی روک تھام کے لئے اقدامات کرے ۔ وزیراعظم نے کہا ہمیں اسلامو فوبیا کے خلاف متحد ہونا ہو گا۔شہبازشریف نے ایک بیان میں ضلع دادو کی تحصیل میہڑ میں دو دیہات میں آگ لگنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کی امداد کے لئے وفاقی حکومت اقدامات کرے گی اور وہ سندھ کی صوبائی حکومت سے بھی متاثرین کی مالی امداد کے لئے بات کریں گے ۔