اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر تعلیم و ادبی ورثہ شفقت محمود نے رواں سال 2020 میں 400 سکالرزشپس مستحق، قابل اور ضرورت مند طلباء کو دینے کا اعلان کر دیا۔گزشتہ روزوفاقی وزیر شفقت محمود نے وزارت تعلیم اور پیشہ و ارانہ تربیت کے زیر اہتمام نیشنل انڈومنٹ سکالرشپ فار ٹیلنٹ پروگرام کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پاکستان میں فنون اور ثقافت کو فروغ دینا ہے ، جس میں فلم، تھیٹر، ویژول آرٹس، سیرامکس اور ٹیکسٹائل ڈیزائن جیسے متعدد شعبوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 400 سکالرشپس مستحق، قابل اور ضرورت مند طلباء کو دی جائیں گی۔ ابتدائی طور پر سرکاری اور نجی شعبے کی 15 یونیورسٹیوں اور ڈگری دینے والے اداروں کو منتخب کیا گیا ہے جس کیلئے 7 کروڑ ستر لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان لوگوں کی مدد کرے جو تعلیم کی فیس کی ادائیگی نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سکالرشپ کیلئے ماہانہ آمدنی کی کم سے کم حد کو 45 ہزار روپے سے بڑھاکر 60 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔ تقریب سے وفاقی سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر ساجد یوسفانی اور نیشنل کالج آف آرٹس کے پرنسپل ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری اور انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کلچر کی وائس چانسلر ڈاکٹر ساجدہ ونڈل نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں وفاقی وزیر شفقت محمود نے سکالرشپ پروگرام کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔